ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / پنجی : گوا میں دوسرے انٹرنیشنل ہوائی اڈے کا ہوا افتتاح

پنجی : گوا میں دوسرے انٹرنیشنل ہوائی اڈے کا ہوا افتتاح

Mon, 12 Dec 2022 12:54:23    S.O. News Service

پنجی 12 / دسمبر (ایس او نیوز) ریاست گوا کے موپا میں دوسرے بین الاقوامی ہوائی اڈے کے پہلے مرحلہ کا افتتاح وزیر اعظم نریندرا مودی کے ہاتھوں عمل میں آیا جس کے بعد اب صرف 50 کلو میٹر فاصلہ کے درمیان دو دو انٹرنیشنل ہوائی اڈے کام کریں گے۔

اس سے قبل جنوبی گوا کے ڈابولیم میں نیوی کے ایئر اسٹیشن آئی این ایس ہَنسا کے سوِل اینکلیو میں ایک انٹرنیشنل ہوائی اڈہ کی سہولت موجود تھی ۔ اب اضافی طور پر موپا میں نیا ہوائی اڈہ گرین فیلڈ انٹرنیشنل ایئر پورٹ کے نام سے شروع کیا گیا ہے ۔ اس منصوبہ کے پہلے مرحلہ کی لاگت کا تخمینہ 2.870 کروڑ روپے ہے ۔ اس نئے ایئر پورٹ کو سابق وزیر اعلیٰ منوہر پاریکر کے نام سے منسوب کرتے ہوئے 'منوہر انٹرنیشنل ایئر پورٹ' کا نام دیا گیا ہے۔

عام مسافروں کو طیارے کے ذریعہ گوا پہنچنے کی سہولتوں میں اضافہ کرنے کی نیت سے تعمیر کیے جا رہے اس ہوائی اڈے پر طیاروں کی آمد و رفت آئندہ سال 5 جنوری سے شروع ہوجائے گی۔

اب تعمیر ہونے والا دوسرا ایئر پورٹ شمالی گوا کے  پرنیم تعلقہ میں گوا - مہاراشٹرا سرحد پر واقع ہے ۔ اس کا سنگ بنیاد وزیر اعظم نریندرا مودی نے 2016 میں رکھا تھا ۔ ایک اندازے کے مطابق اس ایئر پورٹ کے پہلے مرحلے میں طیاروں کی پروازیں شروع ہونے کے بعد ہر سال تقریباً 4.4 ملین مسافر اس سے فائدہ اٹھائیں گے ۔ جبکہ واسکو کے قریب ڈابولیم میں واقع پہلا ایئر پورٹ جنوبی گوا میں ہے، جہاں سے سالانہ 8.5 ملین مسافروں کی آمد و رفت جاری رہتی ہے ۔ خیال رہے کہ یہ ایئر پورٹ گوا میں پرتگالیوں کی حکومت کے دوران تعمیر کیا گیا تھا جس کی تجدید اور ترقی 2013 میں کی گئی تھی۔ 

انتہائی جدید سہولتوں سے آراستہ ، سولار پاور پلانٹ ، رین واٹر ہارویسٹنگ گرین بلڈنگ وغیرہ پر مشتمل اس ایئر پورٹ سے انڈیگو ایئر لائنس کی روزانہ 12 فلائٹس اڑانیں بھریں گی اور ملک کی 8 ریاستوں کو جوڑنے والی 168 فلائٹس ہر ہفتہ پرواز کریں گی ۔ 'گو فرسٹ' ایئر لائنس کی ہر ہفتہ 42 فلائٹس دستیاب رہیں گی جو راست طور پر ممبئی ، حیدرآباد اور بنگلورو کے لئے ہونگی۔

گوا کا ڈابولیم ائیرپورٹ بھٹکل سے قریب 215 کلو میٹر فاصلے پر ہے تو یہ نیاموپا ائیرپورٹ بھٹکل سے قریب 252 کلو میٹر دوری پر واقع ہے۔


Share: